عید کیلئے پردیسیوں کی گھروں کو واپسی: ٹرانسپورٹ مافیا سرگرم، کرایوں میں من مانا اضافہ

 ایڈمنسٹریٹرز اور حکومتی مشینری بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے لگی، گاڑیاں اڈوں سے باہر کھڑی کر کے ٹرانسپورٹ کی مصنوعی قلت پیدا کی جانے لگی
کوئی پوچھنے والا نہیں اور مسافر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر ٹرانسپورٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
 لاہور(آئی این پی)عیدالفطر کیلئے پردیسیوں کی گھروں کو واپسی کا سلسلہ جاری ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹ مافیا سرگرم ہوگیا، من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دیئے۔عوام کی بڑی تعداد سامان اٹھائے بس اڈوں اور ریلوے سٹیشن کا رخ کر رہی ہے، بس اڈوں پر رش بڑھتے ہی ٹرانسپورٹ مالکان ان ایکشن ہوگئے، ایڈمنسٹریٹرز اور حکومتی مشینری بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے لگی۔رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دیئے ہیں، گاڑیاں اڈوں سے باہر کھڑی کر کے ٹرانسپورٹ کی مصنوعی قلت پیدا کی جانے لگی، ٹرانسپورٹرز کو کوئی پوچھنے والا نہیں اور مسافر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں اضافے سے انہیں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پریشان حال مسافروں کا کہنا ہے کہ حکومت کوئی بھی ہو ہر سال عید پر غریب مسافروں سے یہی سلوک ہوتا ہے، پانچ افراد کی فیملی والا عید کرنے جائے یا ٹرانسپورٹرز کو عید دے، 1500روپے کرائے کے بجائے 2500سے 3ہزارروپے فی سواری دینے پڑ رہے ہیں۔مسافروں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر ٹرانسپورٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب گاڑی مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کرائے فکس کیے گئے ہیں اور ہم مناسب کرایہ وصول کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں بس اڈوں پر رش بڑھنے کے باعث کئی ٹرانسپورٹرز نے مسافروں کو بسوں کی چھت پر بھی بٹھانا شروع کر دیا ہے جو انتہائی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔