مختلف دکاندار وں کی جانب سے ایل پی جی 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی
دکاندار مرضی سے روز 10 سے20 روپے فی کلو تک اضافہ کرتے ہیں، گھریلو صارفین کو مشکلات
لاہور( کرائم رپورٹر)حکومت کی جانب سے قیمت مقرر کرنے کے باوجود لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ نہ رک سکا۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم لاہور میں مختلف دکاندار وں کی جانب سے ایل پی جی 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق دکاندار اپنی مرضی سے روز 10 سے20 روپے فی کلو تک اضافہ کرتے ہیں، من مانے نرخوں کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اس حوالے سے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ایل پی جی کی بلیک قیمت پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی، مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی نوٹس بھجوائے رہے ہیں، متعلقہ ادارے سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنائیں، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف م ئوثر کارروائی کی جائے گی۔