پردیسیوں کی واپسی: ٹرانسپورٹرز کی چاندی

 ٹرانسپورٹ کی مصنوعی قلت پیدا کی جانے لگی، اوور لوڈنگ کی جارہی ،کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا
لاہور( کرائم رپورٹر )عیدالفطر کیلئے پردیسیوں کی گھروں کو واپسی کا سلسلہ جاری ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹ مافیا سرگرم ہوگیا، من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دئیے۔تفصیل کے مطابق عوام کی بڑی تعداد سامان اٹھائے بس اڈوں اور ریلوے سٹیشن کا رخ کر رہی ہے، بس اڈوں پر رش پڑتے ہی ٹرانسپورٹ مالکان ان ایکشن ہوگئے ،من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دئیے ، گاڑیاں اڈوں سے باہر کھڑی کر کے ٹرانسپورٹ کی مصنوعی قلت پیدا کی جانے لگی، ٹرانسپورٹرز کو کوئی پوچھنے والا نہیں اور مسافر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ پریشان حال مسافروں کا کہنا ہے کہ مقررہ کرایہ سے 200 سے 1000 روپے تک زائد وصول کئے جا رہے۔ گاڑی مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کرائے فکس کئے گئیاور ہم مناسب کرایہ وصول کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں بس اڈوں پر رش بڑھنے کے باعث کئی ٹرانسپورٹرز نے مسافروں کو بسوں کی چھتوں پر بھی بٹھانا شروع کر دیا جو انتہائی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔