سرکاری ریٹ پر آٹا دستیاب نہیں،فلور ملز اور نجی کمپنیوں نے قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا،عوام سراپا احتجاج

 آٹا بحران ،10اور20 کلو کے تھیلے غائب
 5 اور 15 کلو تھیلوں کی شدید قلت نے عوام کو پریشانی میں ڈال دیا،حکومتی کنٹرول غائب، فلور ملز 15 کلو آٹا 1650 ،کریانہ فروش 1700 روپے میں فروخت کررہے ہیں ،800 ملز آج سے کھلیں گی، 10 اور 20 کلو کا تھیلا سرکاری نرخوں پر سپلائی ہوگا: معاہدہ ہوگیا 
لاہور (کرائم رپورٹر) آٹے کے بحران میں شدت آگئی ہے اور سرکاری نرخوں پر دستیاب 10 اور 20 کلو آٹے کے تھیلے بازار سے مکمل طور پر غائب ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیکنگ والا آٹا فروخت کرنے والی نجی کمپنی نے قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کردیا ہے اور 5 کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے مہنگا کرکے 800 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ تین ہفتے قبل یہی تھیلا 550 روپے میں دستیاب تھا۔فلور ملز مالکان نے بھی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے 15 کلو آٹے کا تھیلا 1600 سے 1650 روپے میں فروخت کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ مارکیٹ میں کریانہ فروش وہی تھیلا 1700 روپے تک فروخت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 15 کلو آٹے کے تھیلے کی بھی سنگین قلت پیدا ہوگئی ہے، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے فوری ایکشن لینے اور مصنوعی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے پنجاب حکومت اور فلور ملز مالکان میں معاملات طے پاگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے فلور ملز نے محدود مقدار میں آٹا سپلائی کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے جس کے بعد پنجاب بھر کی 800 ملز آج سے دوبارہ کھل جائیں گی۔ فلور ملز 10 اور 20 کلو آٹے کا تھیلا سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں سپلائی کریں گی جب کہ حکومت فلور ملز کو ایک لاکھ ٹن گندم ماہانہ دے گی۔ ذرائع کے مطابق 2 ملٹی نیشنل کمپنیوں نے 25 لاکھ بوری گندم 3 ہزار روپے من میں فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندے ڈی جی فوڈ سے ملاقات میں مقدار اور طریقہ طے کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ کا کہنا ہے حکومت اورملز گندم آٹا بحران سے متعلق سفارشات تیارکر رہے ہیں، فلورملزکا حکومت سے تعاون خوش آئند ان کی سفارشات پرغور کیا جارہا ہے، سپلائی بحال ، گندم اور آٹے کی قیمت نہیں بڑھے گی۔