اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں پر مبینہ گمراہ کن الزامات عائد کرنے اور ان کی ساکھ متاثر کرنے سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران سینئر سول جج عباس شاہ نے سہیل آفریدی کی مسلسل عدم حاضری پر ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انہیں گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت جولائی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے PECA Act کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس میں ان پر ریاستی اداروں سے متعلق مبینہ گمراہ کن الزامات عائد کرنے اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔