'جب وی میٹ' شاہد کپور کی وجہ سے بنی، امتیاز علی کا انکشاف

'جب وی میٹ' شاہد کپور کی وجہ سے بنی، امتیاز علی کا انکشاف

بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار امتیاز علی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی بلاک بسٹر فلم جب وی میٹ دراصل شاہد کپور کی دلچسپی اور اصرار کی بدولت بن سکی۔

اپنی نئی فلم کی کامیابی کے دوران ایک انٹرویو میں امتیاز علی نے بتایا کہ ابتدا میں وہ "جب وی میٹ" کو  بوبی دیول کے ساتھ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر یہ منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔امتیاز علی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ "جب وی میٹ" شاہد کپور کی وجہ سے وجود میں آئی۔ ان کے مطابق وہ شاہد کپور سے کسی دوسری فلم کے سلسلے میں ملے تھے، اس وقت "جب وی میٹ" پر کام شروع نہیں ہوا تھا۔ہدایت کار نے بتایا کہ ملاقات کے دوران شاہد کپور نے ان سے پوچھا کہ کیا ان کے پاس ایسی کوئی کہانی موجود ہے جس میں ایک لڑکا اور لڑکی ٹرین میں ملتے ہوں۔ اس پر انہوں نے شاہد کو بتایا کہ ایسی ایک کہانی ضرور ہے، لیکن وہ اسے بوبی دیول کے ساتھ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے، جو اب ممکن نہیں رہا۔

امتیاز علی کے مطابق وہ اس اسکرپٹ کو دوبارہ شروع کرنے کے خواہش مند نہیں تھے، لیکن شاہد کپور نے کہانی سننے پر زور دیا۔ کہانی سننے کے بعد شاہد نے انہیں یقین دلایا کہ یہ ایک بہترین رومانوی کامیڈی ثابت ہو سکتی ہے اور اسے ضرور فلمایا جانا چاہیے۔بعد ازاں "جب وی میٹ" میں شاہد کپور اور کرینہ کپور خان نے مرکزی کردار ادا کیے۔ فلم نہ صرف باکس آفس پر بڑی کامیابی ثابت ہوئی بلکہ اسے ہندی سنیما کی یادگار رومانوی فلموں میں بھی شمار کیا جاتا ہے، جبکہ اس کے کردار، مکالمے اور گانے آج بھی شائقین میں بے حد مقبول ہیں۔