بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ہی شعبے سے وابستہ ہونے کے باعث کام سے متعلق معاملات بعض اوقات ان کے اور شوہر سیف علی خان کے درمیان اختلاف کا سبب بن جاتے ہیں۔
45 سالہ اداکارہ نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی آنے والی فلم ’دائرہ‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی اور سیف علی خان کی پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق دلچسپ باتیں شیئر کیں۔ایک سوال کے جواب میں کرینہ کپور نے بتایا کہ گھر میں دو اداکار ہونے کی وجہ سے کام کو لے کر ان کے درمیان اکثر بحث ہوجاتی ہے۔ ان کے مطابق ممکن ہے انہیں سیف علی خان کا کوئی پرومو پسند نہ آئے یا سیف کو ان کا کوئی پروموشنل کام پسند نہ آئے۔کرینہ نے کہا کہ اداکاری کے معاملے میں دونوں کے کام کرنے کا انداز مختلف ہے۔ وہ زیادہ تر فطری انداز میں کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں، جبکہ سیف علی خان کسی کردار کی تیاری اور اس پر تفصیلی کام کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق سیف زیادہ مطالعہ کرتے ہیں اور اپنے کردار میں گہرائی سے اترنے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ وہ خود کام کے دوران ضرورت کے مطابق خود کو کردار میں ڈھالنے اور پھر معمول کی زندگی میں واپس آنے کو ترجیح دیتی ہیں۔کرینہ کپور اپنی آنے والی کرائم تھرلر فلم ’دائرہ‘ کی تشہیری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ وہ فلم کی ایک تقریب میں ساتھی اداکار پرتھوی راج سوکمارن کے ہمراہ ممبئی میں شریک ہوئیں۔میگھنا گلزار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دائرہ‘ میں کرینہ کپور ڈی سی پی اجونی کوہلی جبکہ پرتھوی راج سوکمارن ڈی سی پی رامن کمار کے مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔فلم 18 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے، جسے ایک کرائم تھرلر کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔