بالی ووڈ اداکار شاہد کپور ایک بار پھر خبروں میں ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کی اداکاری نہیں بلکہ نئی رومانوی کامیڈی فلم 'کاک ٹیل 2' کی شوٹنگ کے دوران سامنے آنے والے مبینہ مطالبات ہیں۔
فلم کی پروڈکشن ٹیم کے ایک رکن نے شوٹنگ کے دوران شاہد کپور سے متعلق چند دعوے کیے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم میں شاہد کپور کے ساتھ کریتی سینن اور رشمیکا مندانا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ اس کی شوٹنگ اٹلی اور بھارت کے مختلف مقامات پر کی گئی۔رپورٹس کے مطابق حقیقی مقامات پر شوٹنگ کے باعث کاسٹ اور عملے کو مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جن میں دہلی کا خراب ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) بھی شامل تھا۔فلم کے لائن پروڈیوسر سُمت تیاگی نے ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں دعویٰ کیا کہ شاہد کپور خراب فضائی آلودگی کے باعث ایئر پیوریفائر کے بغیر کھلے مقام پر شوٹنگ کے لیے تیار نہیں تھے۔انہوں نے شاہد کپور کو "من موجی" قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پروڈکشن ٹیم کو اطلاع دی گئی تھی کہ اداکار خراب فضائی معیار کے باعث آؤٹ ڈور شوٹنگ نہیں کریں گے۔
سُمت تیاگی کے مطابق پروڈکشن ٹیم نے فوری طور پر پانچ سے چھ ایئر پیوریفائر کا انتظام کیا، حالانکہ یہ آلات عموماً بند کمروں میں مؤثر ہوتے ہیں، جبکہ شوٹنگ گروگرام کے سائبر سٹی کے کھلے مقام پر ہو رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ آخری وقت میں کی جانے والی اُن خریداریوں میں سے ایک تھی جو بظاہر زیادہ مؤثر نہیں تھی، تاہم چونکہ یہ شاہد کپور کی درخواست تھی، اس لیے پروڈکشن ٹیم نے اس کا انتظام کیا۔تاہم شاہد کپور یا فلم کی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے ان دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔