پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز اور دانش نواز نے ساتھی اداکارہ فضا علی اور ان کے شوہر اعجاز خان کی وائرل رومانوی ویڈیو کو اپنے منفرد اور مزاحیہ انداز میں ری کری ایٹ کر دیا۔
یاسر اور دانش نواز کی اس ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو خوب محظوظ کیا، جبکہ مداح ان کی مزاحیہ اداکاری کی تعریف کرتے نظر آئے۔فضا علی گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے شوہر اعجاز خان کے ساتھ بنائی گئی رومانوی ویڈیوز کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ دونوں اکثر پارکوں میں رومانوی گانوں پر لپ سنگ کرتے اور مختلف انداز میں ویڈیوز بناتے دکھائی دیتے ہیں۔حال ہی میں فضا علی نے ایک اور ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ پارک میں اپنے شوہر کے ساتھ وقت گزارتی نظر آئیں۔ ویڈیو میں وہ پہلے اپنے شوہر کے کندھے پر سر رکھتی ہیں، جس کے بعد اعجاز خان انہیں اپنی پیٹھ پر اٹھا لیتے ہیں۔
اسی وائرل ویڈیو سے متاثر ہو کر یاسر نواز اور دانش نواز نے اس منظر کو مزاحیہ انداز میں فلمایا۔ دونوں بھائیوں نے نہ صرف ویڈیو کی نقل کی بلکہ اپنی منفرد اداکاری سے اسے مزید دلچسپ بنا دیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی سامنے آ رہے ہیں۔جنید خان نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، "اب ہمیں پتہ چل گیا کہ آخر میں کیا ہوا تھا۔"ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ "اس ویڈیو کی تیاری کے دوران نہ فضا علی کو کوئی نقصان پہنچا اور نہ ہی اعجاز خان کو"، جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ "میں ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہو گیا۔"