پاکستانی شوبز انڈسٹری میں تنازع اُس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب یاسر نواز نے اپنی اہلیہ ندا یاسر کے حق میں بیان دیا۔
ندا یاسر حال ہی میں فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے حوالے سے دیے گئے اپنے ایک بیان کی وجہ سے خبروں میں تھیں، جسے عوام نے نامناسب قرار دیا تھا۔ شدید ردِعمل کے بعد ندا یاسر نے معذرت بھی کی تھی، تاہم اداکارہ فضا علی ان شخصیات میں شامل تھیں جنہوں نے ندا یاسر کے مؤقف پر اختلاف کیا۔فضا علی نے کہا کہ فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز انتہائی محنتی لوگ ہیں اور اگر انہیں تھوڑی سی ٹِپ دی جائے تو اس سے کسی کو نقصان نہیں ہوتا، اس لیے ان پر پیسے ہڑپ کرنے جیسے الزامات لگانا درست نہیں تھا۔فضا علی کی تنقید کے بعد یاسر نواز میدان میں آئے اور کہا کہ فضا علی بلا وجہ ان کی اہلیہ کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
اس پر فضا علی نے ایک بار پھر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک ’’حقیقی مرد‘‘ کبھی کسی عورت پر حملہ نہیں کرتا۔ ان کے مطابق یہ اختلاف دو خواتین کے درمیان تھا اور کسی مرد کا اس بحث میں کودنا مناسب نہیں۔ فضا علی نے مزید کہا کہ وہ اپنے کام پر توجہ دے رہی ہیں اور حقیقی سماجی مسائل پر بات کرتی ہیں۔اس پورے معاملے پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین فضا علی کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ کچھ یاسر نواز کو بیوی کا ساتھ دینے پر سراہ رہے ہیں۔ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ تنازع اب ختم ہونا چاہیے۔