ریاض: محمد بن سلمان اور ایمانوئیل میکرون کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال، امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے سمندری راستوں، خصوصاً اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں آزادانہ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی تجارت اور علاقائی استحکام کے لیے محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری نقل و حمل ناگزیر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔محمد بن سلمان اور ایمانوئیل میکرون نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔