لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1308 ٹریفک حادثات پر بروقت ریسپانڈ کیا، جن میں 726 افراد شدید زخمی ہوئے
اور انہیں فوری طور پر ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 844 معمولی زخمیوں کو جائے حادثہ پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق مجموعی حادثات میں 76 فیصد موٹر سائیکل حادثات شامل تھے۔ صوبائی مانیٹرنگ سیل کے مطابق متاثرین میں 858 ڈرائیور، 61 کم عمر ڈرائیور، 562 مسافر اور 154 پیدل چلنے والے افراد شامل ہیں۔ لاہور کنٹرول روم کو 232 حادثات کی کالز موصول ہوئیں، جن میں 263 افراد متاثر ہوئے، جبکہ ملتان 87 حادثات اور فیصل آباد 72 حادثات کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ مجموعی طور پر 1574 متاثرین میں 1232 مرد اور 342 خواتین شامل ہیں۔ حادثات میں 1391 موٹر سائیکلیں، 92 آٹو رکشے، 159 کاریں، 23 وینیں، 11 مسافر بسیں، 29 ٹرک اور 73 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔ ریسکیو 1122 نے شہریوں سے ٹریفک قوانین، لائن اور لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔