پنجاب: 24 گھنٹوں کے دوران 1269 ٹریفک حادثات

 حادثات میں 638 افراد شدید ، 837 معمولی زخمی ہوئے:ریسکیو حکام کی رپورٹ
لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1269 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 638 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ 837 معمولی زخمی افراد کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق ان حادثات میں زیادہ تر تعداد یعنی 78 فیصد موٹر سائیکل حادثات کی ہے۔ ریسکیو حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے اور لائن و لین ڈسپلن کا خیال رکھا جائے۔ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی کالز کے تحت ان حادثات میں 87 ڈرائیورز، 67 کم عمر ڈرائیور، 439 مسافر اور 167 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ لاہور کنٹرول روم میں 245 ٹریفک حادثات کی کالز موصول ہوئیں جبکہ صوبائی دارالحکومت 293 متاثرین کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ فیصل آباد 87 حادثات اور 98 متاثرین کے ساتھ دوسرے جبکہ ملتان 75 حادثات اور 85 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1483 متاثرین میں 1202 مرد اور 281 خواتین شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں 241 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 825 افراد کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان جبکہ 417 زخمی افراد کی عمر 40 سال سے زائد تھی۔ان حادثات میں 1392 موٹر سائیکلیں، 84 آٹو رکشے، 146 کاریں، 38 وین، 17 مسافر بسیں، 49 ٹرک اور 61 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔