1668 افراد متاثر، 79 فیصد حادثات موٹرسائیکلوں کے، لاہور سب سے زیادہ متاثر
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1454 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 727 افراد شدید زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 934 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے اسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق 79 فیصد حادثات موٹرسائیکلوں کے تھے، اس لیے ٹریفک قوانین، لائن اور لین ڈسپلن پر سختی سے عملدر آمد کی ضرورت ہے۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کے مطابق حادثات میں 983 ڈرائیور، 61 کم عمر ڈرائیور، 524 مسافر اور 161 پیدل چلنے والے متاثر ہوئے۔ لاہور میں 289 حادثات اور 342 متاثرین کے ساتھ سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ ملتان 89 حادثات اور 98 متاثرین کے ساتھ دوسرے اور گوجرانوالہ 85 حادثات اور 93 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ مجموعی طور پر 1668 متاثرین میں 1351 مرد اور 317 خواتین شامل تھیں، جبکہ حادثات میں 1571 موٹرسائیکلیں، 103 آٹو رکشے، 145 کاریں، 36 وین، 9 مسافر بسیں، 48 ٹرک اور 71 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔