پنجاب : 24 گھنٹوں کے دوران 1233 ٹریفک حادثات

 1416 افراد زخمی، موٹر سائیکل حادثات کی شرح 78 فیصد رہی
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1233 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 626 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 790 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر طبی امداد فراہم کی۔ اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک حادثات میں 78 فیصد موٹر سائیکل حادثات شامل تھے، جس کے پیش نظر شہریوں پر ٹریفک قوانین، لائن اور لین ڈسپلن پر عملدر آمد کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کے مطابق متاثرین میں 830 ڈرائیور، 65 کم عمر ڈرائیور، 445 مسافر اور 153 پیدل چلنے والے افراد شامل تھے۔ لاہور میں 221 حادثات اور 258 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 81 حادثات اور 93 متاثرین کے ساتھ دوسرے جبکہ گوجرانوالہ 79 حادثات اور 83 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ مجموعی طور پر 1428 متاثرین میں 1166 مرد اور 262 خواتین شامل تھیں، جبکہ زخمیوں میں 228 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 835 افراد کی عمر 18 سے 40 سال اور 365 افراد کی عمر 40 سال سے زائد تھی۔ حادثات میں 1311 موٹر سائیکلیں، 87 آٹو رکشے، 135 کاریں، 30 وینیں، 11 مسافر بسیں، 40 ٹرک اور 66 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔