لاہور کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے تین الگ الگ واقعات میں ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی اور متاثر ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیے گئے۔
پولیس کے مطابق ستوکتلہ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے 16 سالہ زبیر عارف جھلس گیا۔ اہل خانہ نے بتایا کہ وہ چارپائی چھت پر چڑھا رہا تھا کہ وہ بجلی کی مین تار سے چھو گئی، جس کے باعث اسے کرنٹ لگ گیا۔ متاثرہ نوجوان کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔دوسرے واقعے میں گوجرانوالہ سے آنے والی 30 سالہ فائقہ نے جوہر ٹاؤن میں مبینہ طور پر زہریلا کیمیکل پی لیا۔ پولیس کے مطابق خاتون اپنے دوست سے ملنے آئی تھی، جہاں جھگڑے کے بعد اس نے مبینہ طور پر اقدامِ خودکشی کیا۔ اسے فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
ادھر ضلع قصور کی تحصیل پتوکی کے علاقے پھول نگر سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ شہباز کو بھی اقدامِ خودکشی کے بعد جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لی تھیں۔ متاثرہ نوجوان میڈیکل ایمرجنسی میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع متعلقہ تھانہ صدر پھول نگر کو دے دی گئی ہے۔