منگنی کی تقریب میں مضر صحت کھانے سے 70 افراد کی حالت خراب، ہسپتال منتقل

منگنی کی تقریب میں مضر صحت کھانے سے 70 افراد کی حالت خراب، ہسپتال منتقل

خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر کے سواڑی بازار میں منگنی کی تقریب کے دوران مبینہ طور پر مضرِ صحت کھانا کھانے سے 70 افراد کی حالت غیر ہوگئی، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

 متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔رپورٹس کے مطابق سواڑی بازار میں مقامی شہری ولی اللہ کی بیٹی کی منگنی کی تقریب منعقد ہوئی تھی، جہاں مہمانوں کو کھانا پیش کیا گیا۔ چغرزئی پگڑیال سے آنے والے مہمانوں کی بڑی تعداد نے کھانا کھانے کے بعد طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی۔واقعے کے بعد متاثرہ افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فرخ سیار کے مطابق 20 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ 50 افراد تاحال ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی اسپتال پہنچے۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ افراد کی عیادت کی اور اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ تقریب میں پیش کیا جانے والا کھانا کس وجہ سے مضرِ صحت ثابت ہوا اور بڑی تعداد میں افراد کی طبیعت خراب ہونے کی اصل وجہ کیا تھی۔واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ زیرِ علاج افراد کی حالت اور واقعے کی مزید وجوہات سے متعلق تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔