وزیراعظم کی جانب سے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے چیئرمین ایف بی آر اور افسران کو خصوصی ہدایات جاری

وزیراعظم کی جانب سے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے چیئرمین ایف بی آر اور افسران کو خصوصی ہدایات جاری

وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں موجود رہیں تاکہ تاجروں اور کاروباری برادری کے مسائل بروقت سنے اور حل کیے جا سکیں۔

اجلاس میں ٹیکس اصلاحات، محصولات میں اضافے، ٹیکس چوری کی روک تھام، پیداواری شعبوں میں ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹم، ایف بی آر میں میرٹ پر تقرریوں اور شفافیت کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ٹیکس دینے والے افراد اور کاروبار کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، جبکہ ٹیکس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ ٹیکسٹائل، اسٹیل، پولٹری، مشروبات، خوردنی تیل، گھی اور ٹائرز سمیت مختلف شعبوں میں دسمبر تک ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹم فعال بنایا جائے۔اجلاس میں ایف بی آر کی کارکردگی، تھرڈ پارٹی آڈٹ، فیس لیس کسٹمز سسٹم، افسران کی تربیت، میرٹ پر تعیناتیوں اور ٹیکس مقدمات کے تیز رفتار حل کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔