سنٹرل ریجن کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے پیش نظر موٹروے پولیس نے مسافروں کو محتاط رہنے اور حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت جاری کی ہیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق، موٹروے ایم 2 پر کوٹ مومن سے بابو صابو تک اور ایم 3 پر جڑانوالہ سے درخانہ تک شدید بارش ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ، قومی شاہراہوں پر مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال سے میاں چنوں تک بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ روڈ یوزرز کی حفاظت کے لیے موٹروے پولیس ہر وقت موجود ہے اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ اپنی گاڑی کی رفتار کم کریں، مناسب فاصلے سے ڈرائیو کریں، وائیپر، لائٹس اور بریکس کا خاص خیال رکھیں، اور سفر سے پہلے گاڑی کی مکمل جانچ پڑتال کریں۔
مزید معلومات یا ہیلپ کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ موٹروے پولیس کی جانب سے عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ بارش کے دوران اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے احتیاط برتیں اور محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔