سیلز ٹیکس انٹیگریشن صارفین اور تاجروں کے لیے مسئلہ بن گئی، ایف بی آر پر تنقید

سیلز ٹیکس انٹیگریشن صارفین اور تاجروں کے لیے مسئلہ بن گئی، ایف بی آر پر تنقید

سیلز ٹیکس انٹیگریشن کا عمل صارفین اور تاجروں کے لیے مشکل بن گیا ہے، کیونکہ ایف بی آر کی ذیلی کمپنی پرال (PRAL) صارفین کو دیگر آئی ٹی کمپنیوں کی طرف ریفر کر رہی ہے اور موصول ہونے والی ای میلز کا جواب دینے سے گریز کر رہی ہے، جس پر شدید شکایات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق دو پرائیویٹ کمپنیاں انٹیگریشن کے عمل کے لیے بھاری رقوم طلب کر رہی ہیں، جس سے تاجروں اور ٹیکس گزاروں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ بڑے تجارتی مراکز میں پرال کے مستقل ڈیسک قائم کیے جائیں تاکہ مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔ایف بی آر نے مختلف سیکٹرز کو انوائسنگ کے لیے ڈیڈ لائنز دی ہیں اور خبردار کیا ہے کہ ان ڈیڈ لائنز کے بعد غیر انٹیگریٹڈ کاروبار پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ انٹیگریشن کا عمل نہ صرف پیچیدہ ہے بلکہ جرمانوں کے خدشات نے انہیں شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، اور اس سسٹم کی شفافیت، آسانی اور فنی معاونت کے بغیر اسے نافذ کرنا زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔