لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام اصغر نے ملاقات کی، جس میں تاجر برادری کی فلاح و بہبود، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خواجہ شاہزیب اکرم اور خواجہ وسیم افضل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام اصغر کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کاروباری برادری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران لاہور چیمبر کے وفد نے پنجاب میں کاروبار اور صنعتوں کو درپیش مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وفد کی جانب سے کاروباری ماحول بہتر بنانے، صنعتوں کو فروغ دینے، تاجروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے قابلِ عمل سفارشات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور پنجاب کو کاروبار دوست صوبہ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ صوبے میں کاروباری اور سرکاری امور کو آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ای بز متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد کاروبار سے متعلق سرکاری کارروائیوں کو سہل بنانا اور مختلف مراحل میں غیر ضروری تاخیر کو کم کرنا ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صنعتی ترقی کی راہ میں حائل سرخ فیتے کی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں تاکہ کاروباری افراد کو سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ان کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کا فروغ، صنعتوں کی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے سہولتیں فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ملاقات کے دوران اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنایا جائے تاکہ تاجروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔
کاروباری طبقے کی تجاویز کو حکومتی پالیسیوں میں شامل کرنے سے صنعتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کو تقویت مل سکتی ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کے مختلف عوامی اور کاروباری سہولتوں سے متعلق اقدامات کو سراہا۔ نو منتخب صدر علی حسام اصغر نے امن و امان کے قیام کے لیے مریم نواز شریف کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم پنجاب میں کارکردگی دکھانے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے۔
خواجہ شاہزیب اکرم نے بھی وزیراعلیٰ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ مریم نواز شریف دن رات محنت کرکے پنجاب کو ایک مثالی صوبہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔