تہران: ایرانی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ حملوں کے نتیجے میں ملک کو تقریباً 270 ارب ڈالرز کا بھاری نقصان پہنچا ہے۔
ایرانی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے ایک بیان میں بتایا کہ یہ تخمینہ براہِ راست اور بالواسطہ دونوں طرح کے نقصانات کو مدنظر رکھ کر لگایا گیا ہے، جن میں انفراسٹرکچر، معیشت اور دیگر شعبوں کو پہنچنے والے اثرات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا ازالہ ایران کے لیے اہم معاملہ ہے، جسے اسلام آباد میں ہونے والی امریکی اور ایرانی مذاکرات میں بھی اٹھایا گیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ہرجانے کا مطالبہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی 10 نکاتی شرائط میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ، اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے ایک خط کے ذریعے انتونیو گوتریس سے مطالبہ کیا ہے کہ خلیجی ممالک، جن میں قطر، سعودی عرب، بحرین، امارات اور کویت شامل ہیں، بھی جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کریں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا یہ مؤقف خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے، اور اس کے نتیجے میں مذاکراتی عمل پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔