بھارتی فلمی دنیا کے عظیم اداکار دیو آنند اور اداکارہ کلپنا کارتک کے بیٹے، فلم ساز اور اداکار سنیل آنند برطانیہ میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل آنند کی بھتیجی جینا نارنگ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 70 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئے۔ سنیل آنند کو لندن میں اُس وقت دل کا دورہ پڑا جب وہ امریکا سے برطانیہ کے راستے بھارت جا رہے تھے۔رپورٹس کے مطابق اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے دوران اسٹنٹ لگانے کا فیصلہ کیا، تاہم کارروائی شروع ہونے سے قبل انہیں دوبارہ دل کا دورہ پڑا۔ طبی ٹیم کی کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔دلچسپ اتفاق یہ ہے کہ سنیل آنند نے بھی اسی اسپتال میں آخری سانس لی جہاں کئی برس قبل ان کے والد اور بھارتی سنیما کے لیجنڈ دیو آنند کا انتقال ہوا تھا۔