بالیوڈ لیجنڈ دھرمیندر کا 89 برس کی عمر میں انتقال

بالیوڈ لیجنڈ دھرمیندر کا 89 برس کی عمر میں انتقال

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر کا 89 سال کی عمر میں انتقال.

مشہور بالی ووڈ اداکار دھرمیندر کا ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں انتقال ہو گیا ہے، جہاں وہ عمر سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث زیر علاج تھے۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی ٹیم نے کی ہے۔اداکار کے قریبی ذرائع کے مطابق، دھرمیندر نے اپنی آخری سانس لی، اور ان کے ساتھ ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ ہیما مالنی، بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول موجود تھے۔8 دسمبر 1935 کو پنجاب کے لدھیانہ میں پیدا ہونے والے دھرمیندر سنگھ دیول نے سادہ پس منظر سے شہرت کی بلندیوں تک کا سفر طے کیا اور بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے کامیاب اور پسندیدہ اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔اپنی رعب دار شخصیت، شاندار اداکاری اور دلکش تاثرات سے، انہوں نے 6 دہائیوں پر محیط کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا، جن میں "شعلے"، "چپکے چپکے"، "پھول اور پتھر"، "یادوں کی بارات"، "سیتا اور گیتا" اور "ڈریم گرل" شامل ہیں۔

ان کی ہیما مالنی کے ساتھ فلمی جوڑی بہت مقبول رہی، اور بعد میں دونوں نے حقیقی زندگی میں شادی کرکے بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی بنائی۔دھرمیندر نے سیاست میں بھی قدم رکھا اور 2004 سے 2009 تک راجستھان کے بیکانیر سے رکن پارلیمنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ان کے انتقال پر فلم انڈسٹری اور سیاسی حلقوں سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔