اداکار مکل دیو کے انتقال کی خبر نے بھارتی فلمی صنعت اور اُن کے مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے۔
مکل دیو، جو پنجابی، ہندی اور ساؤتھ انڈین فلموں میں اپنے کرداروں کے باعث جانے جاتے تھے، حال ہی میں 54 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے قریبی دوست اور اداکار وِندو دارا سنگھ نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کئی دنوں سے علیل تھے اور نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں انہوں نے زندگی کی آخری سانس لی۔مکل دیو کی موت کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے تاہم رپورٹس کے مطابق اُن کی طبیعت کئی دنوں سے خراب تھی اور وہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے ہسپتال میں داخل تھے۔ ان کی بیماری کی نوعیت کے حوالے سے ابھی تک کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔وِندو دارا سنگھ کے مطابق مکل دیو اپنے والدین کے انتقال کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے تھے اور انہوں نے خود کو سماجی سرگرمیوں سے مکمل طور پر علیحدہ کر لیا تھا۔
وہ نہ صرف گھر سے کم باہر نکلتے تھے بلکہ اپنے قریبی دوستوں سے بھی کم ہی ملاقات کرتے تھے۔مکل دیو کے انتقال نے شوبز انڈسٹری میں ایک خلا پیدا کر دیا ہے۔ مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے ان کے فن، شخصیت اور اُن کے ساتھ گزاری یادوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اُن کے سوگواروں میں اُن کی 24 سالہ بیٹی ’سیا‘ شامل ہے، جو اس وقت شدید غم کی حالت میں ہے۔مکل دیو نے اپنے کیریئر کے دوران کئی مشہور فلموں اور ٹی وی سیریلز میں کام کیا اور اپنے منفرد اندازِ اداکاری کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔ ان کے انتقال کو فلمی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔