مون سون کی موسلا دھار بارشیں، مسافروں اور سیاحوں کے لیے اہم ہدایات جاری

مون سون کی موسلا دھار بارشیں، مسافروں اور سیاحوں کے لیے اہم ہدایات جاری

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے پیش نظر مسافروں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بارش کے باعث قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر پھسلن اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لہٰذا شہری بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور ضرورت پڑنے پر ہیڈ لائٹس کا استعمال کریں۔موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے خدشات موجود ہیں، اس لیے ایسے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔ اسی طرح برساتی ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی پانی عبور کرنے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال نہ کریں اور مکمل توجہ سڑک پر رکھیں۔موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل موٹرویز اور قومی شاہراہوں کی موجودہ صورتحال معلوم کریں، جبکہ کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔