بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں دسمبر کے مہینے میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا، جو پورے مہینے وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔اس بارش کے نتیجے میں ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں خشک سالی کا خاتمہ ہوگا۔ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں ہوں گی، اور بالائی علاقوں میں برف باری کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق، اس سال شمال مغربی ہوائیں معمول سے زیادہ فعال ہیں، اور عرب سمندر سے آنے والی نمی بلوچستان کی جانب رخ کر رہی ہے، جس کی وجہ سے بارشوں کا سلسلہ طویل اور شدید ہوسکتا ہے۔
مزید برآں، محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کی پیشگوئی ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی صبح اور رات کے دوران چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی دھند چھانے کا امکان ہے۔پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران، ملک کے بیشتر علاقے خشک اور پہاڑی علاقوں میں شدید سردی رہی، تاہم پنجاب کے کچھ میدانی اضلاع میں ہلکی دھند بھی دیکھی گئی ہے۔