پاکستانی شہریوں کے لیے خوشخبری: روس جانے کے امکانات روشن ہو گئے

پاکستانی شہریوں کے لیے خوشخبری: روس جانے کے امکانات روشن ہو گئے

اسلام آباد: روسی سفارتخانے نے روس کا سفر کرنے کے خواہشمند بین الاقوامی سیاحوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ Visit Russia ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے۔

روسی سفارتخانے کے مطابق یہ پلیٹ فارم ویب سائٹ اور موبائل ایپ دونوں صورتوں میں دستیاب ہے، جہاں مسافروں کو ایک ہی جگہ پر مکمل سفری رہنمائی اور مختلف سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔سفارتخانے کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس یہ پلیٹ فارم صارفین کو اپنی سفری منصوبہ بندی آسان بنانے میں مدد دیتا ہے۔ مسافر ٹرپ پلاننگ، فضائی ٹکٹ، ہوٹل بکنگ، ٹریول انشورنس اور ایئرپورٹ ٹرانسفر سمیت متعدد سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم سے حاصل کر سکتے ہیں۔

Visit Russia کے ذریعے سیاح ماسکو، سینٹ پیٹرزبرگ، قازان اور سوچی سمیت روس کے معروف شہروں، تاریخی مقامات، عجائب گھروں، ثقافتی مراکز اور قدرتی مناظر کے بارے میں تفصیلی معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔روسی سفارتخانے کے مطابق یہ پلیٹ فارم تفریح، کاروبار یا ثقافتی تبادلوں کی غرض سے روس کا سفر کرنے والے افراد کے لیے سفر کی تیاری سے لے کر قیام تک ایک قابلِ اعتماد ڈیجیٹل معاون ثابت ہوگا۔