اسلام آباد: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 2026 کی ممکنہ تاریخوں اور سرکاری تعطیلات سے متعلق ابتدائی تخمینے سامنے آ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ذوالحج 1447ھ کا چاند دیکھنے کے لیے 17 مئی 2026 کو متوقع ہے۔ اگر اس روز چاند نظر آ جاتا ہے تو یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر ہوگی، جبکہ عیدالاضحیٰ 27 سے 29 مئی (بدھ تا جمعہ) کے دوران منائے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب اگر 17 مئی کو چاند نظر نہ آئے اور مہینہ 30 دن مکمل ہو تو ذوالحج کا آغاز 19 مئی سے ہوگا، جس کے نتیجے میں عیدالاضحیٰ 28 سے 30 مئی (جمعرات تا ہفتہ) کے درمیان متوقع ہوگی۔سرکاری کیلنڈر کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 27 سے 29 مئی تجویز کی گئی ہیں، تاہم چاند کی حتمی رویت کے بعد ان تاریخوں میں ردوبدل ممکن ہے۔
مزید برآں، اگر تعطیلات کو ہفتہ اور اتوار (30 اور 31 مئی) کے ساتھ ملا دیا جائے تو شہریوں کو پانچ روزہ طویل چھٹیاں میسر آ سکتی ہیں، جبکہ تعطیلات ایک دن قبل شروع ہونے کی صورت میں یہ دورانیہ چھ دن تک بھی بڑھ سکتا ہے۔واضح رہے کہ عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخوں کا اعلان چاند کی رویت کے بعد ہی کیا جاتا ہے۔