ایران میں تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد کالی بارش کی اطلاعات، پاکستان میں ممکنہ اثرات پر تشویش

ایران میں تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد کالی بارش کی اطلاعات، پاکستان میں ممکنہ اثرات پر تشویش

ایران میں تیل کی تنصیبات پر حالیہ شدید بمباری کے بعد ماحول میں غیر معمولی آلودگی پیدا ہوگئی ہے جس کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے خطے کے دیگر ممالک میں بھی تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس صورتحال کے باعث مغربی ہواؤں کے ذریعے آلودہ ذرات پاکستان کے بعض علاقوں تک پہنچنے کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ایران کی سمت سے آنے والی مغربی ہوائیں آئندہ چند دنوں میں پاکستان میں داخل ہوں گی، جن کے ساتھ فضا میں موجود آلودہ ذرات بھی منتقل ہو سکتے ہیں۔ تاہم محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں “کالی بارش” ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ احتیاطی اقدام کے طور پر ادارے نے اپنے علاقائی دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ اگر بارش ہو تو اس کے نمونے جمع کرکے لیبارٹری میں تجزیے کے لیے بھیجے جائیں تاکہ صورتحال کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔یاد رہے کہ ایران پر جاری حملوں کے دوران امریکا اور اسرائیل کی جانب سے تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد تہران میں شدید فضائی آلودگی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ بعض رپورٹس کے مطابق وہاں آسمان پر سیاہ بادل چھا گئے اور بارش کے پانی میں تیل کے ذرات کی آمیزش بھی دیکھی گئی، جس کے بعد ماحولیاتی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی تناظر میں ہمسایہ ممالک میں بھی ممکنہ موسمی اثرات کے حوالے سے بحث جاری ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، کوہستان اور شانگلہ میں کہیں کہیں تیز اور موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ اسی طرح بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی چند مقامات پر شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر، مہمند، پشاور، صوابی، مردان اور چارسدہ میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ نوشہرہ، بنوں، اورکزئی، کرم، کوہاٹ اور ہنگو میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔پنجاب میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی اور جہلم میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مری اور گلیات میں بھی ابر آلود موسم کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ تاہم ژوب، قلعہ عبداللہ اور پشین میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔