سیاسی بیانات اور رونے دھونے سے بات نہیں بنتی بلاول صاحب!الیکشن کے فیصلے ریاست نہیں عوام کرتی ہے مریم نواز

الزام سے کچھ نہیں ہوگا، بلاول اپنے بیانیہ اور کارکردگی پر مزید محنت کریں‘انتخابات میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں‘نوازشریف‘شہبازشریف اور کارکنوں کو مبارکبادپیش کرتی ہوں
 جب کارکردگی نہ ہو تو دھاندلی کے الزامات لگانا آسان ہوتا ہے‘ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی مبینہ دھاندلی کی ویڈیوز  سوشل میڈیا پر وائرل ہیں،  ووٹ اور فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے
لاہور(سپیشل رپورٹر)) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے  الزام سے کچھ نہیں ہوگا، بلاول اپنے بیانیے اور کارکردگی پر مزید محنت کریں۔بلاول صاحب! الیکشن کے فیصلے ریاست نہیں کرتی عوام کرتے ہیں‘ آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے   انہوں نے  میرپور ڈویژن کے انتخابات میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور پارٹی کارکنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا  افسوس ہے  انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی نے نامناسب زبان استعمال کی، پیپلز پارٹی کے جلسوں میں عوامی شرکت نہ ہونے کے برابر تھی۔ سندھ میں گزشتہ 17 برس سے پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے، لیکن اس کے باوجود بلاول بھٹو عوام کو سندھ کا کوئی نمایاں ترقیاتی منصوبہ نہیں بتا سکے۔انہوںنے کہا  عوام کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اس اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔  آزاد کشمیر کے عوام ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور ناکافی صحت کی سہولیات سے نجات چاہتے ہیں اور پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آج کے دور میں صرف الزامات اور رونے دھونے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، یہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا دور ہے جہاں حقائق اور کارکردگی سب کے سامنے آ جاتی ہے‘ عوام نے کسان کارڈ، پکی سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کے حق میں ووٹ دیا ہے، ان کے بقول بلاول بھٹو یہ بھول گئے کہ گزشتہ ایک سال سے آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہے، اس کے باوجود انہوں نے وفاقی حکومت پر الزامات عائد کیے۔جب کارکردگی نہ ہو تو دھاندلی کے الزامات لگانا آسان ہوتا ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی مبینہ دھاندلی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، جمہوریت میں عوام کے ووٹ اور فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔