بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد نہیں‘پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیئے جائیں،‘عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے
صوبوں کے حوالے سے بحث کو روکا نہیں جا سکتا، جمہوری اور قانونی تقاضا ہے یہ بحث جاری رہنی چاہیے‘ ہم اپنے آپ کو سسٹم کی کمزوریوں سے دور نہیں رکھ سکتے:وزیراطلاعات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں، نیب اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتا ہے اور بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کیا کھلا تضاد نہیں ہے۔انہوں نے کہا ملک میں گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے، عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اچھی گورننس، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوام کے سامنے جوابدہ حکومت عوام کی بنیادی ضرورت اور حقیقی مسئلہ ہے، آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں اور آج ہم خود کو اس نظام کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کر سکتے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں، اس کی کوئی گنجائش نہیں۔بلاول بھٹو زرداری کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ اہم مسئلہ صوبوں کے حوالے سے بحث ہے۔ صوبوں کے حوالے سے بحث کو روکا نہیں جا سکتا، جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہیے۔عطااللہ تارڑ نے کہا ہم اپنے آپ کو سسٹم کی کمزوریوں سے دور نہیں رکھ سکتے، گڈ گورننس اور اصلاحات تمام حکومتوں کا ایجنڈا ہے۔ پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیے جائیں، صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے، عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا، عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے۔ ریفرنڈم کے حوالے سے عوام کا بہترین مفاد مدنظر رکھا جائے، ریفرنڈم آئین کا حصہ ہے اور آئینی طریقہ کار ہے۔