اداکارہ، میزبان، پروڈیوسر اور سماجی کارکن مریم نفیس نے شوبز انڈسٹری میں پھیلی ہوئی منافقت پر کھل کر بات کرتے ہوئے اسے سب سے بڑا مسئلہ قرار دے دیا۔
مریم نفیس، جو اپنے بے باک مؤقف اور کھری بات کرنے کی وجہ سے جانی جاتی ہیں، نے جیو ٹی وی کے پروگرام ہنسنا منع ہے میں انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں سب سے پہلی چیز جو وہ بدلنا چاہیں گی وہ "منافقت" ہے۔انہوں نے کہا کہ "یہاں لوگ دو چہرے رکھتے ہیں، سامنے خوش اخلاقی سے ملتے ہیں مگر پیٹھ پیچھے انہی کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔"پروگرام کے میزبان تابش ہاشمی نے بھی اس بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں پیٹھ پیچھے باتیں کرنا واقعی سب سے بڑی خرابی ہے۔مریم نفیس نے مزید کہا کہ سچائی اور خلوص ختم ہوتا جا رہا ہے اور زیادہ تر تعلقات صرف دکھاوے پر مبنی ہیں، اسی وجہ سے وہ صرف چند قریبی دوستوں سے میل جول رکھتی ہیں، جن میں عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور اعظم خان شامل ہیں، کیونکہ وہ ان پر اعتماد کرتی ہیں۔