ویب ڈیسک: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شفالی جریوالا کی اچانک موت کی خبر نے مداحوں اور شوبز انڈسٹری کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اداکارہ کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی، تاہم معاملے کی مکمل حقیقت اب تک سامنے نہیں آ سکی ہے۔
دل کا دورہ یا دوا کا اثر؟
ان کے معالج کے مطابق شفالی کو دل کی کوئی بیماری لاحق نہیں تھی۔ وہ گزشتہ 5 سے 6 برس سے اینٹی ایجنگ انجیکشنز اور مخصوص ادویات کا استعمال کر رہی تھیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پولیس ذرائع نے ابتدائی تفتیش میں ان کی موت کی ممکنہ وجہ اینٹی ایجنگ انجیکشن اور خالی پیٹ دوا کھانے کو قرار دیا ہے، جس سے ان کا بلڈ پریشر اچانک گر گیا اور انہیں شدید کپکپی ہونے لگی۔ذرائع کے مطابق، شفالی نے 27 جون کی دوپہر اینٹی ایجنگ انجیکشن لیا اور شام کے وقت اپنی روزمرہ کی ادویات استعمال کیں۔ تاہم خالی پیٹ دوا لینے کے باعث ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
موت کی نوعیت: قدرتی یا مشتبہ؟
پولیس نے ابتدائی طور پر موت کو قدرتی قرار دیا ہے اور کسی فاؤل پلے (سازش یا مجرمانہ پہلو) کے شواہد نہیں ملے۔البتہ ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جو ممبئی کے کوپر اسپتال میں تیار کی گئی، تاحال میڈیا سے خفیہ رکھی گئی ہے۔ موت کی حتمی وجہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوگی۔
شفالی جریوالا کا فنی سفر
شفالی جریوالا کو 2002 میں ریلیز ہونے والے گانے "کانٹا لگا" سے شہرت ملی۔ اس کے بعد انہوں نے بگ باس سیزن 13 اور نچ بلیے جیسے معروف ریئلٹی شوز میں بھی شرکت کی۔
تاہم وہ مرگی (Epilepsy) کے عارضے میں مبتلا تھیں جس کے باعث ان کا فنی سفر محدود ہو گیا تھا۔ کئی سالوں سے وہ شوبز سے جزوی طور پر کنارہ کش تھیں۔شفالی جریوالا کی ناگہانی موت نے ان کے مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے، سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات اور عوام کی جانب سے اظہارِ افسوس کا سلسلہ جاری ہے۔