لاہور کاہنہ سے اغواء بچی کراچی سے بازیاب

راستے میں بچی آیت ہوش میں آئی اور خود کو ٹرین میں تنہا پایا
حاضر دماغی کا مظاہرہ ،مسافر کے موبائل فون سے کال کر کے اطلاع دی 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی کی بروقت کارروائی سے لاہور کے علاقے کاہنہ سے اغواء￿  ہونے والی 11 سالہ بچی "آیت" کو کراچی سے بازیاب کروا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق، بچی گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک لاپتہ ہو گئی، جس پر والدین نے فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی۔ اطلاع موصول ہوتے ہی سیف سٹی میرا پیارا ٹیم نے بچی کی تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اغوا کار بچی کو لے کر ریل گاڑی کے ذریعے کراچی روانہ ہو چکا تھا۔ تاہم راستے میں کسی مرحلے پر بچی ہوش میں آئی اور خود کو ٹرین میں تنہا پایا، اغوا کار فرار ہو چکا تھا۔ ہوش میں آنے کے بعد بچی نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک قریبی مسافر کے موبائل فون سے کال کر کے اطلاع دی کہ وہ اس وقت روہڑی ریلوے اسٹیشن پر موجود ہے۔ اطلاع موصول ہوتے ہی سیف سٹی کی ٹیم نے فوری طور پر ریلوے پولیس سے رابطہ کیا اور بچی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے۔ ریلوے پولیس نے بچی کو روہڑی اسٹیشن پر اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے کراچی کینٹ تھانے منتقل کر دیا گیا۔ سیف سٹی لاہور، لاہور پولیس اور سندھ پولیس کی مشترکہ کاوش سے بچی کو کراچی سے لاہور لایا گیا اور باحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق، "میرا پیارا" ٹیم اب تک 35 ہزار سے زائد گمشدہ یا لاوارث افراد کو اْن کے اہل خانہ سے ملا چکی ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ اگر کسی گمشدہ یا لاوارث بچے، بزرگ یا فرد کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔