مودی کا جنگی جنون: ہتھیاروں کی دوڑ خطے کو ایٹمی تصادم کی طرف دھکیلنے لگی

مودی کا جنگی جنون: ہتھیاروں کی دوڑ خطے کو ایٹمی تصادم کی طرف دھکیلنے لگی

نئی دہلی: مودی سرکار کا بڑھتا ہوا جنگی جنون بھارت کو تیزی سے ایک انتہا پسند فوجی ریاست میں بدل رہا ہے۔

 تعلیم، صحت اور روزگار جیسے بنیادی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے بھارتی حکومت خطے میں عسکری دباؤ بڑھانے کے لیے ہائپر سانک میزائلوں سمیت مہلک ہتھیاروں پر اندھا دھند سرمایہ کاری کر رہی ہے۔بھارتی دفاعی تحقیقاتی ادارے (IDRW) نے براہموس 2 منصوبے کی تفصیلات جاری کر دیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارت اور روس مشترکہ طور پر براہموس 2 ہائپر سانک میزائل تیار کر رہے ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے متوقع دورہ بھارت کے دوران براہموس 2 کی منظوری اور ٹیکنالوجی شیئرنگ پر فیصلہ کیا جائے گا۔براہموس 2 روس کے ’’زرکون‘‘ میزائل پر مبنی ہوگا، جس کی رفتار میک 8 اور رینج 1500 کلومیٹر تک ہوگی۔ یہ میزائل زمین اور سمندر دونوں پر اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ براہموس 2 بھارت کے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے تحت تیار ہو رہا ہے اور اس کی ٹیکنالوجی بھارتی اسکیم جیٹ انجن اور روسی ڈیزائن کا امتزاج ہوگی۔ یہ منصوبہ بھارت کے ’’میک ان انڈیا‘‘ پروگرام کا حصہ ہے اور اس کی برآمد کی اجازت نہیں ہوگی۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عوامی بہبود کو پس پشت ڈال کر بھارت کا اسلحے کی دوڑ میں شامل ہونا خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ مودی سرکار کی پالیسیاں جنوبی ایشیا کو ایٹمی تصادم کے دہانے تک لے جا سکتی ہیں۔