مودی کا جنگی جنون: پاکستان کے خلاف بھارتی سازشوں کے خوفناک انکشافات

مودی کا جنگی جنون: پاکستان کے خلاف بھارتی سازشوں کے خوفناک انکشافات

بھارتی جریدے کی جانب سے سامنے آنے والے انکشافات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے پاکستان کے خلاف سازشوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔

بھارت کی پہلگام حملے کو جواز بنا کر خطے میں جنگی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے تحت بھارتی افواج کو کسی بھی وقت، کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانے کی مکمل آزادی دے دی گئی ہے۔بھارتی کابینہ کی سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کے خلاف فوری اور اسٹریٹیجک اقدامات پر مشاورت جاری ہے، جس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیاں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت نے پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کرنے اور سفارتی تعلقات کو محدود کرنے کے فیصلے کیے ہیں، جو کہ نفرت انگیز پالیسیوں کا تسلسل ہیں۔بھارت کے منصوبوں میں دوبارہ سرجیکل اسٹرائیک یا بالاکوٹ جیسے حملے کی تیاری بھی شامل ہے، اور بھارتی فوج، فضائیہ اور بحریہ کو مکمل تیار باشی کا حکم دیا گیا ہے، جس سے خطے میں ایک اور مسلح تصادم کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ بھارت دہشتگردی کے جھوٹے بیانیے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزام تراشی اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اسی دوران بھارت کی سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے دریا خشک ہونے کی پروپیگنڈا مہم بھی جاری ہے، جس کے ذریعے بھارت پانی کی قلت کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ بھارتی وزیروں کا جنگی بیانیہ عوامی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔مودی حکومت کی جارحانہ سوچ اور پاکستان کے خلاف اقدامات نے پورے خطے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بھارتی میڈیا پاکستان کو مٹی میں ملا دینے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور بھارت جنگ کے لیے تیار ہونے کا دعویٰ کر رہا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور افواج نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے، لیکن عالمی طاقتوں کی خاموشی اس صورتحال میں تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا دنیا نئی جنگ کی طرف بڑھ رہی ہے؟