ویب ڈیسک: پاکستان کے سینئر اداکار محسن گیلانی نے ساتھی اداکارہ مرحومہ عائشہ خان اور اداکار فردوس جمال کی ذاتی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے جذباتی انداز اختیار کیا۔
انٹرویو میں جذباتی لمحات
ایک حالیہ انٹرویو میں بطور مہمان شریک ہوئے محسن گیلانی نے اپنی گفتگو کے دوران مختلف فنکاروں سے جڑی یادوں کو تازہ کیا اور کہا کہ عائشہ خان کے انتقال کے وقت ان اور ان کے بچوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں ہوئیں لیکن وہ خاموش رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح فردوس جمال کے لیے بھی ان کے بیٹوں کے حوالے سے میڈیا پر بہت کچھ کہا گیا جو نہیں کہنا چاہیے تھا۔
عائشہ خان کے بچوں سے متعلق گفتگو
محسن گیلانی نے بتایا کہ ایک دوست نے ان کے ساتھ وائس نوٹ شیئر کیا جس میں عائشہ خان کہہ رہی تھیں کہ ان کے بچے انہیں پیسے بھیجتے ہیں، تاہم وہ اکیلے رہنا پسند کرتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عائشہ خان نے مشکل حالات میں اپنے بچوں کی پرورش کی، لیکن جب وہ ضعیف ہوئیں تو ان کے بچے اپنی زندگی میں مصروف ہو گئے۔
فردوس جمال اور ان کے بیٹے
محسن گیلانی نے فردوس جمال اور ان کے بیٹوں کے معاملات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ذاتی مسائل میڈیا میں زیر بحث نہیں آنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ جب فردوس جمال کے بیٹے نے انٹرویو میں کہا کہ "ہم نے والد کے اسپتال کا خرچہ برداشت کیا اور اس کے ثبوت ہمارے پاس ہیں"، تو انہیں بہت دکھ ہوا۔
والدین کو وقت چاہیے، پیسہ نہیں
محسن گیلانی نے جذباتی انداز میں کہا:"جب والدین ضعیف ہوجاتے ہیں تو انہیں اپنی اولاد کے پیسے نہیں بلکہ ان کا وقت چاہیے ہوتا ہے۔ کیا والدین کو بڑھاپے میں صرف پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے؟"