فردوس جمال نے شاہ رخ خان کی تعریف کردی، سابقہ بیان پر وضاحت پیش کردی

فردوس جمال نے شاہ رخ خان کی تعریف کردی، سابقہ بیان پر وضاحت پیش کردی

اپنے متنازع بیانات کے باعث اکثر خبروں میں رہنے والے پاکستانی سینئر اداکار فردوس جمال نے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان سے متعلق اپنے سابقہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے یوٹرن لے لیا۔

حال ہی میں یوٹیوب چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فردوس جمال نے شاہ رخ خان سے متعلق اپنے سابقہ مؤقف کی وضاحت کی اور کہا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے خلاف کچھ نہیں کہا تھا۔فردوس جمال کا کہنا تھا کہ وہ شاہ رخ خان کے مداح ہیں، وہ ایک بہترین اداکار ہیں اور دلیپ کمار کی فنی روایت کا تسلسل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر اداکار کا اپنا فکری اور فنی مکتب ہوتا ہے۔ ان کا تعلق دلیپ کمار کے مکتبِ فکر سے ہے، جبکہ شاہ رخ خان جیسے اداکاروں کا انداز مختلف ہے۔ ان کے مطابق مختلف فنکار مختلف لوگوں سے متاثر ہوتے ہیں اور وہ خود دلیپ کمار، محمد علی، آغا طالش اور علاؤالدین جیسے اداکاروں سے متاثر رہے ہیں۔فردوس جمال نے کہا کہ ایک اداکار کے فنی سفر کی بنیاد دوسروں سے سیکھنے پر ہوتی ہے۔ ان کے مطابق انسان بنیادی طور پر نقل کرکے سیکھنے والا فنکار ہے اور اس عمل میں کوئی برائی نہیں، بلکہ سیکھنا ایک بڑی صلاحیت ہے جسے منفی انداز میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

اداکار نے ماہرہ خان کے حوالے سے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماہرہ خان ان کا مسئلہ نہیں ہیں، انہیں بلاوجہ اس معاملے میں نہ گھسیٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرہ خان نہ ان کی اہلیہ ہیں اور نہ ہی خاندان کا حصہ، اس لیے انہیں اس معاملے میں شامل کرنے کی کوئی وجہ نہیں۔واضح رہے کہ فردوس جمال ماضی میں شاہ رخ خان کی اداکاری کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ شاہ رخ خان اچھے اداکار نہیں اور دلیپ کمار سے ان کا موازنہ بے معنی ہے۔ انہوں نے شاہ رخ خان کے تلفظ، ادائیگی اور جسمانی خدوخال پر بھی تنقید کی تھی۔تاہم حالیہ انٹرویو میں فردوس جمال نے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان اداکار کی حیثیت سے کہیں زیادہ بڑے اسٹار ہیں۔