اداکار محسن گیلانی کا عائشہ خان کی زندگی سے متعلق انکشاف

اداکار محسن گیلانی کا عائشہ خان کی زندگی سے متعلق انکشاف

پاکستانی شوبز کے سینئر اداکار محسن گیلانی نے مرحومہ اداکارہ عائشہ خان کی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کیے۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے محسن گیلانی نے کہا کہ عائشہ خان کے انتقال کے بعد انٹرنیٹ پر بہت سی منفی باتیں پھیلیں مگر وہ خاموش رہے۔ انہوں نے بتایا کہ 7th اسکائی پروجیکٹ میں وہ عائشہ خان کے بیٹے کا کردار ادا کر رہے تھے جبکہ اداکارہ نازلی نصر کو عائشہ خان اپنی بیٹی کہتی تھیں۔محسن گیلانی نے کہا کہ عائشہ خان اکیلے رہنا پسند کرتی تھیں اور ان کے بچے اپنی زندگی میں مصروف تھے۔ انہوں نے ایک واقعہ بتایا کہ نازلی نصر، عائشہ خان کے کپڑے پہننے میں مدد کرتی اور ان کے پاؤں کا مساج بھی کرتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک اداکار نے وائس نوٹ شیئر کیا جس میں عائشہ خان کہہ رہی تھیں کہ ان کے بچے انہیں پیسے بھیجتے ہیں۔ محسن گیلانی نے سوال اُٹھایا کہ ’’کیا ایک ماں کو بڑھاپے میں صرف پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے؟ کیا اس کی دیکھ بھال بچوں کی ذمہ داری نہیں؟‘‘محسن گیلانی نے جذباتی انداز میں کہا کہ ایسی ماؤں کو صبر اور دعا کا سہارا لینا چاہیے کیونکہ مائیں صرف دعا ہی دے سکتی ہیں۔