ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی اور قائم مقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی گفتگو کے دوران خالد نثار ڈوگر نے نشست پر جاکر حسان ریاض پر حملہ کیا
حکومتی رکن کی جانب سے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچا:خالد نثار‘قائم مقام سپیکر نے اپوزیشن رکن کو15اجلاسوں کیلئے معطل کردیا
لاہور(پبلک نیوز)ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی اور قائم مقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی گفتگو کے دوران اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر اپنی سیٹ سے اٹھ کر حکومتی رکن کی جانب بڑھے، اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر نے حکومتی رکن حسان ریاض پر حملہ کرتے ہوئے منہ پر تھپڑ مارا۔وزیر قانون صہیب بھرتھ ، عاشق کرمانی ، معین قریشی بیچ بچائو کروانے کی کوشش کرتے رہے،قائمقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے معاملہ کو حل کروانے کیلئے پنجاب اسمبلی کااجلاس پانچ منٹ کیلئے ملتوی کردیا، حکومتی رکن حسان ریاض پی پی 136شیخوپورہ جبکہ خالد زبیر نثار پی پی 231 وہاڑی تھری سے ہیں۔ قائمقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے حکومت و اپوزیشن ارکان کو اپنے چیمبر میں طلب کر لیا، اپوزیشن ارکان کی جانب سے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی، علی امتیاز وڑائچ، ندیم قریشی، فرحت عباس سپیکر چیمبر میں پیش ہوئے۔حکومتی رکن حسان ریاض اور اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر نے بھی اپنے اپنے موقف قائمقام سپیکر کے سامنے پیش کئے، حکومتی رکن کی جانب سے انتہائی نازیبا الفاظ کااستعمال کیا گیا جس پر معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچا۔ بعدازاں قائم سپیکر نے اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر کو پندرہ نشستوں کے لیے معطل کردیا۔مجتبیٰ شجاع الرحمن کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے ناخوشگوار واقعہ اسمبلی میں ہوا، اسمبلی فلور پر پہلے بھی ایسے واقعات ہوتے رہے اس پر سپیکر نے ایکشن لینا پڑا، مقدس ایوان کے تقدس کی بات ہے یہی کہوں گا کہ رولز اینڈ ریگولیشن کے مطابق قائمقام سپیکر ہی فیصلہ کر سکتے ہیں۔قائمقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ ایک ممبر اپنی سیٹ سے اٹھ کر دوسرے پر حملہ کردے تو کیا اس معاملہ کو ایتھکس کمیٹی میں بھیجا دوں، آج کے اس ناخوشگوار واقعہ کو سیاہ ترین دن کے طورپر دیکھ رہا ہوں۔