پیپلز پارٹی کی بانی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی بیگم نفیسہ خالد انتقال کر گئیں

پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت اور سپیکراسمبلی کا دکھ اور افسوس کا اظہار  
 لاہور(آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کی بانی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی بیگم نفیسہ خالد انتقال کر گئیں۔مرحومہ نے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔نفیسہ خالد کی نماز جنازہ امام بارگاہ جاگیر علی اکبر، جاتی عمرہ روڈ میں ادا کی گئی، جبکہ ان کی تدفین اے ڈبلیو ٹی فیز 2، جاتی عمرہ بی بلاک قبرستان میں ہوئی پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت نے بیگم نفیسہ خالد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی رہنمائوں نے مرحومہ کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے دعا کی،پارٹی رہنماں کا کہنا تھا کہ بیگم نفیسہ خالد کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔دریں اثنا اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق رکن قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی میں اسپیشل سیکرٹری سید شمعون ہاشمی کی نانی، بیگم نفیسہ خالد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے بیگم نفیسہ خالد کی سیاسی، پارلیمانی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی سیاسی، پارلیمانی اور سماجی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا