پولیس لائنز ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی روزانہ بنیادوں پر تعیناتی

لاہور(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی آپریشنز توقیر محمد نعیم کی ہدایت پر پولیس افسران اور جوانوں کی ویلفیئر کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہسپتال پولیس لائنز میں میئو ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال سے مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز روزانہ کی بنیاد پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ایس پی ہیڈکوارٹرز منزہ کرامت کے مطابق گزشتہ روز بروز بدھ گردوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر، ناک کان گلا (ENT) اسپیشلسٹ اور بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر پولیس لائنز ہسپتال میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ جلد کے امراض کے ماہر، گائناکالوجسٹ، ڈینٹسٹ اور فزیوتھراپسٹ بھی مریضوں کے چیک اپ اور علاج معالجہ کے لیے موجود ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران، جوان اور ان کی فیملیز پولیس لائنز ہسپتال میں ماہر ڈاکٹرز سے مفت چیک اپ کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ ہسپتال میں لیبارٹری ٹیسٹ اور ایکسرے کی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ایس پی منزہ کرامت کا کہنا تھا کہ پولیس افسران کی صحت کے حوالے سے محکمہ ہمیشہ کوشاں رہا ہے کیونکہ جسمانی طور پر فٹ افسران اور جوان ہی عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔