پولیس ملازمین کے علاج معالجے کیلئے 21 لاکھ 32 ہزار کے فنڈز

کانسٹیبل اشتیاق احمد کی بیٹی کی ریڑھ کی ہڈی کے علاج کیلئے 5 لاکھ کی منظوری 
لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس اپنے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی سلسلے میں لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات پولیس ملازمین کے سنگین بیماریوں میں مبتلا بچوں کے علاج معالجے کیلئے مزید 21 لاکھ 32 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس فورس اور ان کے اہلخانہ کی ویلفیئر پر یومیہ بنیادوں پر 2 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد فورس کے اہلکاروں کو طبی اور مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔جاری کردہ فنڈز کی تفصیلات کے مطابق کانسٹیبل اشتیاق احمد کی بیٹی کی ریڑھ کی ہڈی کے علاج کیلئے 5 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔کانسٹیبل یاسر یونس کو بیٹے کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے جاری کیے گئے۔کانسٹیبل محمد کاشف کو بیٹے کی ریڑھ کی ہڈی کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے فراہم کیے گئے۔مرحوم کانسٹیبل عبدالرؤف کی بیوہ کو بیٹی کی آنکھوں کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔ہیڈ کانسٹیبل تنویر عباس کو بیٹے کے نمونیہ کے علاج کیلئے 1 لاکھ روپے دیئے گئے۔سب انسپکٹر حامد رضا، کانسٹیبلز غلام علی، محمد لطیف، محمد سلمان کو بچوں کے علاج کیلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ 24 ہزار روپے دیئے گئے۔کانسٹیبلز محمد سہیل، سفیر عباس، یاسر نوید کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 40 ہزار روپے جاری کیے گئے۔اے ایس آئی آفتاب جمیل، ڈرائیور کانسٹیبلز محمد رمضان، گلزار سبحانی کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 23 ہزار روپے فراہم کیے گئے۔ہیڈ کانسٹیبل بشارت علی کی اہلیہ اور سینٹری ورکر عرفان مسیح کو بچوں کے علاج کیلئے مجموعی طور پر 95 ہزار روپے دیئے گئے۔ترجمان کے مطابق یہ تمام فنڈز آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی اور  منظوری کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس اور ان کے اہلخانہ کی صحت اور فلاح اولین ترجیح ہے، اور مشکل وقت میں اہلکاروں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔