بچوں کے علاج معالجے کیلئے 24 لاکھ 50 ہزار روپے کے فنڈز

کانسٹیبل نوید قیصر کو بیٹی کے ٹانگ اور بازو کی سرجری کیلئے 5 لاکھ روپے فراہم کیے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اپنے ملازمین کے اہل خانہ اور بچوں کی ہیلتھ ویلفیئر کے لیے پر عزم ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس ملازمین کے سنگین بیماریوں کا شکار بچوں کے علاج معالجے کیلئے مزید 24 لاکھ 50 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اے ایس آئی امداد علی کو بیٹی کی ریڑھ کی ہڈی کے علاج کیلئے 6 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ڈرائیور کانسٹیبل نوید قیصر کو بیٹی کے ٹانگ اور بازو کی سرجری کیلئے 5 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔اے ایس آئی محمد آصف کو بیٹے کے نمونیا کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔لیڈی کانسٹیبل شمائلہ نوشی کو بیٹے کے سماعت کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے دیئے گئے۔ریٹائرڈ ڈی ایس پی غلام مجتبیٰ اور کانسٹیبل نوید اللہ کو بچوں کے علاج کیلئے 1 لاکھ روپے فی کس فراہم کیے گئے۔ڈی ایس پی فیصل کمال، ٹریفک وارڈن محمد یونس، ڈرائیور کانسٹیبلز ارشد علی اور نوید ارشد کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 75 ہزار روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔ڈی ایس پی وسیم افضل، اے ایس آئی محمد فاروق، ہیڈ کانسٹیبل اسد حسین اور غازی کانسٹیبل ناصر احمد کو بچوں کے علاج کے لیے مجموعی طور پر 3 لاکھ 75 ہزار روپے کے فنڈز دیئے گئے۔آئی جی پنجاب نے ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی و منظوری کے بعد مختلف ملازمین کے بچوں کے علاج معالجے کیلئے فنڈز جاری کییآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مصروف عمل پولیس ملازمین کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔