داتا دربار پر حاضری کے بعد واپس جا تے حادثہ پیش آیا:ڈی آئی جی فیصل کامران

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران نے آؤٹ فال روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی اطلاع 1122 کو موصول ہونے کے بعد فوری طور پر تمام تر حقائق کی تحقیقات کی گئیں اس وقت تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق یہ بات کنفرم ہو چکی ہے کہ خاتون کی ڈیڈ باڈی آؤٹ فال روڈ سے برآمد کر لی گئی ہے، تاہم کمسن بچی تاحال لاپتہ ہے، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ واقعے میں غفلت کے ذمہ دار عناصر کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ نااہلی کے مرتکب چند افسران کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی فیصل کامران کا کہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے متوفی خاتون کے شوہر کا مؤقف درست ثابت ہوا ہے فوٹیج کے مطابق متاثرہ خاندان داتا دربار پر حاضری دینے کے بعد واپس جا رہا تھا کہ راستے میں حادثہ پیش آیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیف سٹی اتھارٹی نے واقعے سے متعلق تمام شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور تحقیقات کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔