وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کا نوٹس، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل

  چوبیس گھنٹوں کے اند ر کمیٹی اپنی رپورٹ سفارشات سمیت پیش کرے گی
  لاہور(کرائم رپورٹر) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے داتا دربار کے قریب ترقیاتی کاموں کے تعمیراتی مقام پر کھلے مین ہول میں ماں اور بچی کے گرنے کے معاملے کی مکمل اور باریک بینی سے تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی چوبیس (24) گھنٹوں کے اندر اپنی رپورٹ سفارشات سمیت پیش کرے گی، جس میں ذمہ داران کا تعین بھی شامل ہوگا۔ کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری کریں گے، جبکہ سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (اسپیشل برانچ) اور ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمنسٹریشن) سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ واقعے میں غفلت یا لاپرواہی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔