ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
لاہور میں ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے، جہاں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور کم سے کم 7 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔ تاہم شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں، اور فضائی آلودگی کی صورتحال ابتر ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 280 تک پہنچ چکا ہے، جبکہ بعض مقامات پر یہ 663 تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔کراچی میں بھی سرد ہواؤں نے پارہ 12 ڈگری تک گرا دیا، اور سنگل ڈیجیٹ میں جانے کا امکان ہے۔
پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مالم جبہ، کالام، کاغان، اور شوگران میں برف کی سفید چادر چھا گئی، جبکہ غذر میں جھیلیں اور آبشاریں جم گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا کے بالائی علاقے، اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے جنوبی علاقے، بشمول ملتان اور رحیم یار خان، دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ جنوری کے اوائل میں بارش کے سسٹم کے امکانات ہیں، لیکن یہ معمول سے کم ہوں گی۔