بجلی سے متعلقہ اداروں کا ہر سرکاری ملازم 6 ہزار روپے کی مفت بجلی حاصل کررہا ہے، اویس لغاری

بجلی سے متعلقہ اداروں کا ہر سرکاری ملازم 6 ہزار روپے کی مفت بجلی حاصل کررہا ہے، اویس لغاری

اسلام آباد:وزیر توانائی اویس لغاری نے انکشاف کیا ہے کہ پاور ڈویژن اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے ہر ملازم کو ماہانہ 6 ہزار روپے کی مفت بجلی دی جا رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت اس پریکٹس کو ختم کرنے کے لیے قانونی کارروائیوں میں تیزی لانے کی کوشش کر رہی ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے بتایا کہ عدالتوں میں زیرِ التوا کیسز کی وجہ سے حکومت مفت بجلی کی فراہمی فوری طور پر بند نہیں کر سکتی۔ تاہم، اٹارنی جنرل آفس سے بات چیت جاری ہے تاکہ ان کیسز کو جلد نمٹایا جائے اور مفت بجلی کی سہولت ختم کر دی جائے۔انہوں نے تجویز دی کہ مفت بجلی ختم کرنے کے بدلے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ ان پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بجلی فی الحال استعمال نہیں ہو رہی، حکومت اسے سستے داموں فروخت کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ اس سسٹم کے تحت مہنگی بجلی خرید کر عام صارفین کو دی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے صارفین پر 103 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑ چکا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جتنی زیادہ سولرائزیشن ہوگی، اتنا ہی عام صارفین پر مالی دباؤ بڑھے گا۔وزیر توانائی نے نیٹ میٹرنگ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ سرمایہ کار چار سال کے اندر اپنا سرمایہ پورا کر سکیں، تاکہ یہ نظام زیادہ موثر اور پائیدار ہو۔