بجلی کی مہنگائی پر پریشان نہ ہوں! اویس لغاری نے ریلیف کا عندیہ دے دیا

بجلی کی مہنگائی پر پریشان نہ ہوں! اویس لغاری نے ریلیف کا عندیہ دے دیا

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے عوام کو جلد ریلیف ملے گا اور اس میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پاور کے اجلاس میں، جو محسن عزیز کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات اور ان کے نتائج پر بریفنگ دی گئی۔ پاور ڈویژن کے حکام نے اجلاس میں بتایا کہ جولائی 2024 میں آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کیا گیا تھا، اور اس دوران 6 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کیے گئے۔ مزید بتایا گیا کہ 8 بگاس پاور پلانٹس کے ساتھ رعایتی معاہدے کیے گئے ہیں اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیسز ریگولیٹرز کو بھیجے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق سولر اور ونڈ آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت بھی جاری ہے اور اب تک 29 آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات مکمل ہو چکے ہیں۔وزیر پاور اویس لغاری نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کے نتائج عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔چیئرمین کمیٹی محسن عزیز نے کہا کہ پاکستان میں آئی پی پیز نے اوور انوائسنگ کی ہے اور عوام کو ان آئی پی پیز سے بات چیت کے ذریعے ریلیف کیوں نہیں مل رہا، اس پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جلد ریلیف ملنا چاہیے اور اس معاملے پر سنجیدہ کوششیں ہونی چاہئیں۔